سکھر، ڈھرکی، گھوٹکی، اوباڑو ،اسلام آباد(نامہ نگاران، جنگ نیوز)حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام زرداری مافیا سے نجات کیلئے عوام باہر نکلیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھی کہتا ہوں کہ آپ لوگ لانگ مارچ کیلئے نہ نکلیں، پی ڈی ایم کا سوائے اپنی چوری بچانے کیلئے اور کوئی مطالبہ نہیں، پچھلے جلسے میں کہا تھا پی ڈی ایم والوں کو بہت مار پڑیگی، زرداری صاحب سن لو! تحریک انصاف آپکے پیچھے سندھ آرہی ہے، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا سندھ کے عوام علاقائی جماعتوں کو مسترد کر کے وفاق کا ساتھ دیں پاکستان کا ساتھ دیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی نےحکمرانی کم اورکرپشن زیادہ کی، سندھ کے ہر ضلع، ہرگاؤں جائینگے، سندھ کے عوام کو 14سال سے مسلط کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائینگے، بلاول آج سندھ کے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ ہمارے حقوق کا جواب دیں، علی زیدی نے کہا کہ اب دیکھتا ہوں یہ سندھ میں دھاندلی کیسے کرتےہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی اور دیگر وفاقی وزراء کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کا سندھ حکومت کیخلاف ’’سندھ حقوق مارچ‘‘ گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو سے کراچی کی جانب روانہ ہوگیا مارچ کے شرکاء کا جگہ جگہ کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف مقامات پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، کراچی میں ڈکیتی لوٹ مار کی وارداتیں ہورہی ہیں۔
لوگوں کو گھروں میں گھس کر ہراساں کیا جارہا ہے، صوبائی حکومت کہاں ہے، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے وہ کہاں ہیں، سندھ کے وسائل پر جو ڈاکہ ڈالا جارہا ہے سندھ میں عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، وہ سب کے سامنے ہے۔
عوام جاننا چاہتی ہے کہ 15 سال سے پیپلزپارٹی والے برسراقتدار ہیں تو سندھ میں کیا کیا ہے جب آپ سندھ کو سنوار نہیں سکے ہیں تو ملک کو کیا دینگے پندرہ سال کوئی کم عرصہ نہیں ہے۔ وہ سکھر میں حقوق سندھ مارچ کے پہنچنے پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے 15 سال میں کوئی اچھا کام نہیں ہوا، سندھ میں صحت تعلیم پانی بنیادی ڈھانچہ تباہ کیا ہے خود بہت امیر ہوگئے، حکومت نام کی کوئی چیز سندھ میں نظر نہیں آتی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ یہ مارچ اس کرپٹ مافیا کو بےنقاب کرکے چھوڑے گا ، صوبے میں اگرکوئی مستی کی گئی تواچھا نہیں ہوگا،آپ کاسفربھی لمبا ہے، ہم سیاسی ورکرز ہیں، اگر آمناسامنا ہوبھی گیا تو ہم اپنے اوروہ اپنے رستے پر ہونگے۔
پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کیلئے کتنے شرم کی بات ہے کہ عرصہ دراز سے صوبہ سندھ میں اسکی حکومت ہونےکے باوجود پورا صوبہ کھنڈر بنا ہوا ہے، سندھ کی عوام صحت، تعلیم، روزگار اور امن و امان سے محروم ہیں اور بدترین بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
شاہ محمود قریشی وہ دن دور نہیں جب 2023 میں سندھ کی محرومی اور بد حالی کے شکار عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے سندھ میں پی پی پی کا دھرن تختہ کر کے پی ٹی آئی کی حکومت بنوانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کموں شہید پہنچے جہاں پر بڑی تعداد میں انکے مریدوں اور پی ٹی آئی کے کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام 14 سال سے مسلط کرپٹ حکمرانوں سے نجات، اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آنیوالی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے، پاکستان تحریک انصاف کی ’’سندھ حقوق مارچ ریلی‘‘ میں شرکت کر کے تبدیلی کی اس تاریخی جدوجہد میں شامل ہوں۔