• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PP کا لانگ مارچ شروع، اسلا م آباد جاکر حکومت پر حملہ کریں گے،بلاول بھٹو، عمران سے استعفیٰ لینا انکے بس کی بات نہیں،شیخ رشید

کراچی، بدین، سجاول، ٹھٹھہ (اسٹاف رپورٹر، نامہ نگاران)پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ مزار قائد کراچی سے اسلام آباد کیلئے آج 27فروری کو روانہ ہوگیا ہے، عوامی لانگ مارچ کی قیادت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کررہے ہیں، مارچ کے شرکاء ٹھٹھہ، سجاول، بدین سمیت مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے رات ماتلی پہنچ گئے۔ جہاں وہ گائوں عبداللہ ہالیپوٹو میں قیام کے بعد حیدرآباد کیلئے روانہ ہو جائینگے۔

 مختلف مقامات پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ سے کٹھ پتلی نے گھبرانا شروع کر دیا، کٹھ پتلی کے وزراءانکے دفاع میں نکلے ہوئے ہیں، جسکو خارجہ امور پر نظر رکھنی چاہیے تھی وہ عمران خان کا دفاع کر رہا ہے، نااہل وزیراعظم نے صرف کراچی نہیں پورے سندھ کے حق پر ڈاکا مارا ہے، سلیکٹڈ نے عوام کی جیب اور پیٹ پر ڈاکا مارا ہے، اپوزیشن نےطے کرلیا ہے کہ عمران کو اب گھر بھیجنا ہے، عمران خان کٹھ پتلی، سلیکٹیڈ اور ناجائز وزیراعظم ہیں، وعدہ کیا تھا تبدیلی کا مگر تباہی دی ہے.

مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے، ون یونٹ قائم نہیں ہونے دینگے، ہر صوبے کو اسکا حق ملنا چاہیے، حکومت سے ہر ظلم کا حساب لینگے، حکمرانوں کو ایک دن نہیں دیکھ سکتے، اسلام آبادپہنچ کر حکومت پر جمہوری عوامی حملہ کرینگے،حقیقی جمہوریت بحال کرینگے، بدین ضلع پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور ہمیشہ جدوجہد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے عوام بتائیں کہ اس نااہل حکومت نے عوام کے فلاح بہبود کیلئے کونسا کام کیا ہے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوںں میں بے پناہ اضافہ سے عوام کا جینا دو بھر کردیا گیا ہے۔

مارچ کے شرکاء سے سینیٹر رضا ربانی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، قمرزمان کائرہ، نثار کھوڑو، مرتضیٰ وہاب، قادر پٹیل اور دیگر نے خطاب کیا۔ مارچ کے شرکاء کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ لانگ مارچ اپنے مقاصد پورے کریگا، مراد علی شاہ نے کہا کہ مارچ نااہل حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔

 کراچی میں مارچ کی روانگی سے قبل مزار قائد پر شرکاء سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ لانگ مارچ حکومت کیخلاف اعلان جنگ ہے ، کراچی والوں نے اسلام آباد کو بتادیا ہے کہ گو نیازی گو۔کراچی منی پاکستان ہے کراچی میں سب قومیتیں بستی ہیں، کراچی کی خون پسینے کی محنت سے ملکی معیشت چلتی ہے، کراچی کے عوام کو احتجاج پر مجبور کردیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کو بحال 1973 کے آئین کا تحفظ کرینگے، این ایف سی ایوارڈ نہ دے کر صوبائی حقوق پر ڈاکا مارا جارہاہے،کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت میں سندھ کی ترقی ہوگی نہ پاکستان ترقی کریگا ۔وقت آگیا ہے کہ حکومت کو عدم اعتماد سے رخصت کریں، کراچی سے لانگ مارچ شروع ہوتے ہی بنی گالہ سے چیخیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان ملک پر بوجھ بن گیا ہے، ملک بھرمیں مارچ کے نتیجہ میں سلیکٹڈ حکومت گھر جائیگی۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ نیازی نے ملک تباہ کردیا،عوام کا نعرہ ہے ملک کو اور عوام کو بچانا ہے تو اسلام آباد جانا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نااہل حکومت کے خاتمہ کیلئے لانگ مارچ حکومت کے تابوت لانگ مارچ آخری کیل ثابت ہوگا،لانگ مارچ حکومت کے خاتمہ کیلئے اسلام آباد کا رخ کررہا ہے۔

میاں رضا ربانی نے کہا کہ قائد اعظم کا مزار وہ جگہ ہے جہاں سے شہید بھٹو نے ایوب خان کی خلاف علم بغاوت بلند کیا،آج اسی جگہ سے پیپلز پارٹی وفاق کا سودا کرنے والی حکومت کیخلاف اٹھایا ہے، عوام کا سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی سے خیبر تک اور کوئٹہ سے لاہور تک پاکستان کے عوام نے حکومت کی خلاف علم بغاوت اٹھالیا ہے۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک پیپلز ہارٹی کے جیالے نظر آئینگے۔

بدین میں ڈی چوک پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نااہل کٹھ پتلی حکومت کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے، عمران نیازی نے عوام کے ووٹ ہر ڈاکا ڈالنے کے ساتھ عوام کے پیٹ پر بھی لات مار دی ہے، نااہل حکومت کو گھر بھیج کر ملک میں حقیقی جہوریت بحال کرینگے، بدین کی عوام اس نااہل وفاقی حکومت کو گھر روانہ کرنے کیلئے میرا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں یہ نااہل حکومت 18 ترمیم ختم کرنے کی بات کررہی ہے صوبوں کو ان کا این ایف سی ایوارڈ کا بھی حصہ نھیں دیا جارہا۔ عمران خان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے قبل استعفیٰ دیکر گھر چلے جائیں ورنہ پیپلز پارٹی عوام کے طاقت سے اس کو گھر روانہ کردیں گے۔

اہم خبریں سے مزید