پشاور(وقائع نگار) عالمی یوم شہری دفاع کو ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی منایا گیا اس سلسلے میں پشاور میں سول ڈیفنس پشاور کے زیر اہتمام ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میئر پشاور حاجی زبیر علی،جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75ارباب فاروق جان ʼ مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی ʼ چیف وارڈن سول ڈیفنس پشاور اور کثیر تعداد میں رضا کاروں نے شرکت کی ۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس کے چیف وارڈن فیاض علی شاہ اور دیگر عہدیداروں سے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے حلف لیا ۔ اس دوران چیف وارڈن سول ڈیفنس پشاور نے مطالبہ کیا کہ سول ڈیفنس آرگنائزیشن کو مزید فعال بنانے میں حکومت اپنا موثر کردار ادا کرے ʼ رضا کاروں کے بنیادی حقوق کو تحفظ دینے سمیت لائف انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے ʼ سرکاری ملازمتوں میں 50 فیصد کوٹہ مقرر کیا جائے ʼ سول ڈیفنس آرگنائزیشن کو ضلعی حکومت سے ایک فیصد بجٹ کو بحال کیا جائے ʼ پشاور میں قائم وارڈن پوسٹوں کو خصوصی توجہ دینے سمیت جدید سہولیات اور آلات دیئے جائیں جس پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے انہیں تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔میئر پشاور حاجی زبیر علی اور جے یو آئی رہنماء ارباب فاروق جان نے کہا کہ سول ڈیفنس اہمیت کا حامل ادارہ ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سول ڈیفنس تنظیم کا نظام ہے جو ہنگامی صورتحال میں ملکی اداروں کے شانہ بشانہ ملک و قوم کے تحفظ میں کردار ادا کرتی ہے ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائیگا ۔