کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہاکہ عمران خان چوہدری شجاعت کی عیادت کیلئے ان کے گھر گئے تھے ، پوری دنیا میں مہنگائی کے دوران پاکستانی عوام کو اتنا بڑا ریلیف پیکیج دینا عمران خان کا کریڈٹ ہے، ن لیگ نے ملک میں معاشی، سیاسی اور اخلاقی اقدار کو تباہ کردیا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما آصف کرمانی ،سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم کل کی تقریر میں پسپا ہوتے شخص نظر آئے، وزیراعظم آج ان چودھری برادران سے مل رہے ہیں جنہیں چور ڈاکو کہتے تھے، اپوزیشن عوام کی آواز سے ہم آہنگ ہو کر لانگ مارچ کررہی ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ پر دباؤ میں آکر پٹرول بجلی کی قیمتیں کم کی ہیں، وزیراعظم کو ریلیف دینا تھا تو پی پی کے عوامی لانگ مارچ کے آغاز سے پہلے کیوں نہیں دیا، عمران خان پندرہ روز قبل بھی پٹرول کی قیمتیں کم کرسکتے تھے جب انہوں نے قیمتوں میں 12روپے کا اضافہ کیا تھا۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد یا لانگ مار چ سے پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیراعظم اپنی تقریر میں پیکا قانون کا دفاع نہیں کرتے تو بہت اچھی تقریرتھی۔