وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں تحریک عدم اعتماد کی فضاء سے اٹھنے والی صدائوں میں لندن میں مقیم سابق وزیر اعظم کو ’’سیاست کا محور‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی ہدایات سے مرتب کی جانے والی سیاسی حکمت عملی کو اپوزیشن کی تمام جماعتوں میں ’’پذیرائی ‘‘ کے علاوہ پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ گو عدم اعتماد کے ’’کھیل تماشے‘‘ میں بھٹو فیملی کے داماد سابق صدر اپنے ’’دائو پیج‘‘ آزمانے کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن بعض مرحلوں پر ان کے حکومتی اتحادیوں سے کئے جانے والے ’’مصالحتی فارمولے‘‘ سے کئی سوالات اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ اس سیاسی ماحول میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ’’ناراض راہنما ‘‘ کی لندن روانگی بھی ان کی بیماری کے باوجود ’’حیرانگی ‘‘ کا باعث بنی ہوئی ہے ؟ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے تمام مرحلوں میں اپوزیشن لیڈر اور پی ڈی ایم کے سربراہ ’’حتمی منظوری ‘‘ برطانیہ میں مقیم سابق وزیر اعظم سے ہی حاصل کریں گے؟
سیاسی کرتب دکھانے والے ؟
وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ان کے قریبی رفقاــء کے گروپ کی سرگرمیوں کے بارے میں کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں ۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’طاقتور ہاتھوں‘‘ کے اشاروں پر چلنے والے اس مذکورہ گروپ کی ملاقاتوں اور حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے حوالہ سے کئی داستانیں سننے میں آ رہی ہیں۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ ایوان بالا کے اس ’’آئینی عہدیدار‘‘ اور ان کے ہمنوا ساتھیوں نے ایک عرصہ سے یہ طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے کہ وہ ’’درپردہ قوتوں‘‘ کے سہارے اپنے ’’سیاسی کرتب‘‘ دکھا رہے ہیں ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکومتی ایوانوں میں بھی ان کے اس تاثر کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کئی کلیدی عہدوں پر ان کے گروپ کے سفارشی افسران تعینات ہیں؟
نئے مشیر احتساب کی پھرتیاں
صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ’’احتساب اکبر‘‘ کے بعد آنے والے نئے مشیر احتساب کی سرگرمیوں کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں ۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف مقدمات میں تیزی لانے کے معاملہ میں وہ اپنی ’’پھرتیاں‘‘ دکھا رہے ہیں۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور ان کے خاندان کے مقدمات کی خصوصی نگرانی کے معاملات میں ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران سے ان کی حالیہ ملاقاتوں کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ اپنے پسندیدہ افسران کی ایک ٹیم کو بھی تیار کیا گیا ہے اور ان کو ترجیحات سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کرپشن کے مقدمات کی کڑی نگرانی کے لئے اپنے منظور نظر افسر کو اعلیٰ عہدہ پر لگوا دیا گیا ہے ؟