• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور خودکش دھماکہ پاکستان دشمن قوتوں کی کارروائی ہے،(کمیونٹی شخصیات)

بدی ہیگ/ویانا(نمائندہ جنگ /اکرم باجوہ) پشاور میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کا واقعہ پر ہر ذی شعور پاکستانی مغموم ہے۔ہالینڈ میں تمام پاکستانی تنظیموں نے انسانیت سوز واقعہ کی مذ مت کی ہے۔ حسینی مشن ہالینڈ کی انتظا میہ اور ممبران نے اس المناک واقعہ پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ حسینی مشن ہالینڈز کے ریذیڈنٹ عالم دین مولانا سید اسرار حسین نے کہا کہ جب درجنوں بے گناہ شہادتوں اور 200کے قریب زخمی اللہ تعالی کی عبادت میں مشغول تھے،ملک اور امن دشمن قوتوں نے یہ وار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل مغموم ہیں، پاکستان میں سب کو رہنے کا حق ہے، کب تک یہ ظلم جاری رہے گا۔دریں اثنا سید اعجاز حسین، سیفی نقوی، سید سہیل حیدر شاہ، راجہ فاروق حیدر، حاجی کاظم حسین، چوہدری محمد شریف، سید عظمت عباس، صدر حسینی مشن ہالینڈ سید فرحت زیدی، مرزا علی عباس اور دگیر افراد نے اس ہولناک واقعہ کی مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقا ت کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔اہل تشیع کمیونٹی کو پاکستان میں تحفظ فراہم کیا جائے، پاکستان میں ایسے مدارس پر پابندی لگائی جائے جو مذ ہبی منافرت کی تعلیم دیتے ہیں۔علاوہ ازیں ویانا کی معروف سماجی ومذہبی شخصیت امام بارگاہ سجاد ویانا کے جنرل سیکرٹری سید غالب حسین شاہ نے پشاور خود کش دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بزدلانہ خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مزمت کرتے ہیں اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہیں ،انہوں نے تمام شہدا کے لواحقین کیلئے اللہ کے حضور صبر جمیل کی دعا کی اور مذید کہا کہ حکومت کیوں اس بات کو نہیں سمجھ سکی کہ جب تک دہشت گردوں کے سہولت کار پاکستان میں موجود ہیں،امن قائم نہیں ہو سکتا،یہ دیکھنا ہوگا کہ دہشت گردوں کو سہولت دینے والے کون ہیں، سب ادارے جانتے ہیں، خدا کے لیے ملک اور عوام پر ترس کھایا جائے اور ان مٹھی بھر لوگوں کو نیست و نابود کیا جائے تا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام قوموں اور مذاہب کے لوگ سُکھ کا سانس لے سکیں ۔انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی کہ سو موٹو لے کر اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم جاری کریں۔ 
یورپ سے سے مزید