لندن ( پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ پشاورکی مسجد میں جمعۃ المبار ک کی نماز کے دوران بم دھماکے میں 57 نمازیوں کی شہادت قومی سانحہ ہے،ہم خودکش دھماکے کی پُرزورمذمت اور اس سانحہ میں ملو ث شرپسندوں سمیت اس کے ماسٹر مائنڈ کی فوری گرفتاری اورانہیں ایک ساتھ تختہ دا رپرلٹکانے کامطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصرنے ہماری قومی یکجہتی کوپارہ پارہ کرنے اور منافرت کی آگ بھڑکانے کیلئے بزدلی کی انتہاکرد ی ، عوام اپنے ہاتھوں سے صبروتحمل کادامن ہرگز نہ چھوڑیں اوراپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں کیونکہ ملک دشمن عناصر سے کچھ بعید نہیں، مسجد میں نمازیوں پردلخراش حملے میں ملوث شیطانوں کاانسانیت سے کوئی تعلق نہیں، چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال اورمرکزی صدر انیس احمدقائم خانی سمیت ہمارے مرکزی وصوبائی قائدین اورکارکنان غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وصوبائی حکومت شہداءکے ورثاءکی مالی مدد اورزخمیوں کوبھرپورطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے ،عوام امن وامان اوراپنی زندگیو ں کی حفاظت کیلئے اپنے آس پاس کے ماحول پرنگاہ رکھیں اوراپنی مستعد وفرض شناس سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں،انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کوناکام بنانے کیلئے ہمارا متحد ومستعد رہنا از بس ضروری ہے ۔