لاہور /اسلام آباد (نمائندگان جنگ) پاکستان کے سابق صدر جسٹس (ر)محمد رفیق تارڑ 92برس کی عمرمیں انتقال کر گئے۔لاہور میں نماز جنازہ کی ادائیگی، آبائی علاقہ موضع پیرکوٹ تحصیل وزیرآبادگوجرانوالہ میں تدفین کی گئی ۔سابق صدر کو دل کا دورہ پڑنے پراسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ سردار ایاز صادق ، جسٹس (ر) عبدالقیوم،عبدالرحمن کانجو، رانا محمد طاہر،رانا تنویر، راناشمیم،اسماعیل قریشی، نوید انور، نوید اکرم چیمہ، افضل تارڑ، سجاد میر،طلحہ برکی، رائو شہاب الدین ، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور مرحوم کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ،سائرہ افضل تارڑ اور عطا اللہ تارڑ سے اظہار تعزیت کیا ۔ سابق صدرکی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ میں مولانا فضل رحیم نے پڑھائی، جس میں رانا تنویر حسین ،رانا شمیم ،مسلم لیگ (ق)کے رہنما چودھری سالک حسین ، مقصودبٹ، سینیٹررانا مقبول احمد ،علی پرویزملک،سیف الملوک کھوکھر،رانامبشراقبال ، غزالی سلیم بٹ،پیر اشرف رسول ، چودھری شہبازاحمد، شیخ علائوالدین ، ملک صہیب بھرت،بلال فاروق تارڑ،احمد علی اولکھ ،بلال اکبر خان، منشا اللہ بٹ،سمیع اللہ خان ، چودھری یاسین سوہل،میاں عبدالرئوف، میاں عمران جاوید سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں مرحوم کا جسد خاکی تدفین کیلئےآبائی گائوں روانہ کر دیا گیا ۔وزیراعظم، صدر، آرمی چیف،سربراہ پاک فضائیہ،وزیراعلیٰ پنجاب، گورنرپنجاب،مریم نواز، مریم اورنگزیب،چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹووشریک چیئرمین آصف زرداری سمیت ملک بھرکی سیاسی شخصیات نے سابق صدر کی وفات پردکھ، افسوس اوراہلخانہ سے تعزیت کااظہارکیا۔