سبی (نمائندہ جنگ ) سبی میلے کی اختتامی تقریب کے بعد جیل روڈ پر خود کش بم دھماکے میں7؍ سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 6سیکورٹی ٗ12پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد شدید زخمی ہوگئے، دھماکا صدر مملکت کی روانگی کے 25؍ منٹ بعد ہوا۔
خودکش حملہ آور نے اسٹیڈیم کی جانب بڑھنے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے اسے روکا تو اس نے دستی بم پھینکنے کی کوشش کی پھر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، دھماکے کے بعد انسانی اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی گزشتہ روز سبی میلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے سبی پہنچنے اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کئے گئے تھے .
صدر میلے کی اختتامی تقریب کے بعد اسٹیڈیم سےسبی ایئرپورٹ پہنچے ہی تھے کہ جیل روڈ پر ایک خود کش حملہ آور نےسبی میلہ کے داخلی راستے پر لوکل گورنمنٹ ریسٹ ہائوس کے سامنے اسٹیڈیم کی جانب جانے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی سخت ہونے پر حملہ آور نے سیکورٹی فورسز پر دستی بم پھینکنے کی کوشش کی حملہ آور کو دیکھتے ہی سیکورٹی فورسز اور پولیس نے جوانوں نے فائرنگ کی جس پر خو د کش حملہ آور نے خود کو جیل روڈ پر ہی اڑا دیا۔