• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ’’طاقتور ادارے ‘‘ کی ’’غیرجانبداری‘‘ کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’مقتدر حلقوں ‘‘کے قدموں کی آہٹ سے سیاست کرنے والے بھی ’’عدم اعتماد‘‘ کی فضائوں میں ان صدائوں کی سرسراہٹ کو محسوس کر رہے ہیں۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ’’نمبر گیم‘‘ کے سلسلہ میں ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کر رہے ہیں ۔ 

یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کا فریضہ ادا کرنے والے فیورٹ وفاقی وزیر ’’تذبذب‘‘ میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں ۔حکومتی امور کو ایک طویل عرصہ سے چلانے والے اہم ترین کلیدی عہدوں کے اعلیٰ بیوروکریٹ ’’خاموش تماشائی ‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف جارحانہ مزاج رکھنے والے دو وفاقی وزراء کو بھی ’’غیرجانبدارانہ صورتحال‘‘ سے آگاہ کر دیا گیا ہے؟

زرداری فارمولہ

وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں پیپلز پارٹی کی قیادت کی سیاسی حکمت عملی اور مستقبل کی سیاست کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ سابق صدر زرداری نے پارٹی سے جانے والے کئی سابق رہنمائوں کو ’’واپسی ‘‘ کے لئے ’’گرین سگنل‘‘ دے دیا ہے۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ ندیم چن کی واپسی کے بعد ان کے قریبی عزیز سابق وفاقی وزیر کے دوبارہ پارٹی میں آنے کی صدائیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ 

حکومتی پارٹی سے بغاوت کرنے والے کے پی کے سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی بھی جلد واپس آ رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے صوبائی صدر پرانے تمام ساتھیوں کو واپس لانے کے معاملہ میں سرگرم عمل ہیں۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعظم اور سابق گورنر پنجاب ’’زرداری فارمولے ‘‘ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں؟

اعلیٰ پولیس افسر کی سرگرمیاں

صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کی سرگرمیوں کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اعلیٰ افسر کسی بڑے ’’کلیدی عہدے‘‘ کو حاصل کرنے کے لئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف دکھائی دے رہا ہے۔ 

واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عہدوں کی کئی ’’بڑی شخصیات‘‘ کا وہ پسندیدہ ترین افسر بنا ہوا ہے۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ بڑے اعلیٰ عہدیداروں کی صوبائی دارالحکومت میں آمد کے موقع پر وہ ان کے اعزاز میں ضیافت کی شاندار محفلیں سجاتا ہے اور ان کی شان میں قصیدوں کے پھول نچاور کرتا ہے۔اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ان تعلقات اور پی آر کی آڑ میں ’’لینڈمافیا‘‘ کا حصہ دار بنا ہوا ہے؟

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید