اسلام آباد، کوئٹہ (نمائندہ جنگ ،جنگ نیوز) حکومتی لہجے میں نرمی آئی ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بات چیت کی پیشکش کر دی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اپوزیشن کو صلح کی پیشکش کرتے ہوئےکہا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے، مل بیٹھ کر مذاکرات سے کوئی حل نکالنا چاہیے،کیونکہ اپوزیشن نے ہارنا ہےاور اسکے بعد بھی ہمیں تنگ کئے رکھنا ہے، میر ی دعا اور خواہش ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلو بی سے طے پاجائے ، کوئی حادثہ نہ ہوجائے کہ اپوزیشن کو ساری عمر پچھتانہ نہ پڑے، الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے، بہتر یہ ہے کہ الیکشن کی تیاری کریں، اپوزیشن تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے، ایسا نہ ہو کہ ایک سال کی بجائے دس سال انتظار کرنا پڑجائے۔