ملتان (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرے نزدیک علیم خان اور جہانگیر ترین گروپ کی کوئی اہمیت نہیں ہے ، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے جس نے بلے کے نشان پر ووٹ لیا ہے وہ آئینی،قانونی اور اخلاقی طور حکومت کا پابند ہے ۔ تحریک عدم اعتمادمیں مجھے ترین اور علیم خان گروپ کہیں دکھائی نہیں دیتا ،.یقین ہے ہمارا کوئی رکن اپنا سودا نہیں کرے گا، جس نے حکومت کے خلاف ووٹ دینا ہے اسے اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ عمران خان تمام اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور ان کے تحفظات دور کئے جارہے ہیں ۔ بلاول بھٹو ابھی بچہ ہے ، وقت کے ساتھ ساتھ سیکھ جاۓگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اسمبلی کا اجلاس بلانا سپیکر کا استحقاق ہے ۔ میری خواہش ہے کہ اسمبلی کا اجلاس 22 ,23 مارچ کے بعد بلایا جائے کیونکہ اس دوران امت مسلمہ کے 46 وزراء خارجہ پاکستان میں آرہے ہیں ۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ودیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجودتھے۔انہوں نے کہاپاکستان نے روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے بیلنس بیان دیا ہے۔ پاکستان روس اور یوکرین کے مسئلہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کروانا چاہتا ہے ۔ملتان سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہڑ کی ناراضگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا احمد حسین ڈیہڑ ہمارے بھائی ہیں ان کی جائز باتیں توجہ سے سنی جائیں گی اور حل کی جائیں گی۔ ویڈیو پیغام ریکارڈ کرائے بغیر بھی مسئلہ حل ہوسکتے ہیں۔ لاہور اجلاس میں ملتان سے حاجی جاوید اختر انصاری نے جو موقف اختیار کیا مجھے اور تحریک انصاف کو ان پر فخر ہے۔ لاہور اجلاس میں اراکین اسمبلی نے یکجا ہو کر کہا کہ انہیں وزیراعظم پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور وہ جو فیصلہ کریں گے پوری پارٹی کو قبول ہوگا۔