اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ) حکومتی اتحادی (ق) لیگ کے درمیان معاملات طے پا گئے،متحدہ اپوزیشن پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے پر راضی ہوگئیپیپلزپارٹی کی طرف سے باقاعدہ یقین دہانی کرادی گئی۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وزارت اعلیٰ کی پیشکش شہبازشریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن نے کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ق لیگ کو پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی پیشکش کرنا میرے علم میں نہیں، ابھی تک پنجاب میں عدم اعتماد کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پنجاب کی وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
اپوزیشن ذرائع کا بتانا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ دینے سے متعلق اعلان 24 گھنٹے کے اندر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی آمادگی کا پیغام پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نے ق لیگ تک پہنچایا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہماری جماعت کسی کشمکش کا شکار نہیں ہے، اتوار کو تحریک عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ کر لیں گے۔
ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ ہم نے نہیں کہا کہ سی ایم شپ دیں شہباز، فضل الرحمن، زرداری آئے تھے انہوں نے یہ آفر کی ہم نے تو نہیں کہا کہ دس فیصد والوں کو یہ آفر دیں۔ ہماری لیڈر شپ کے پاس فیصلہ ہے ایک یا دو دن میں آجائے گا۔