• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں بھارتی میزائل ہمسایہ ممالک کو بھی سکیورٹی پر فکر مند ہونا چاہئے، چینی اخبار

کراچی (نیوز ڈیسک) چین کے اخبار گلوبل ٹائمز نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے حادثاتی طور پر فائر کئے گئے میزائل کے پاکستان میں گرنے پر چین سمیت بھارت کے دیگر ہمسایہ ممالک کو بھی بھارت کے غیر موثر سکیورٹی پروٹوکولز بارے فکر مند ہونا چاہیے کیونکہ یہ پیچیدہ حالات میں ممکنہ طور پر غیر متوقع نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔بھارت کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستان کی حدود میں حادثاتی طور پر سپر سونک میزائل فائر کیا گیا جس پر پاکستان نےبھارت کی ابتدائی تحقیقات پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی دفاعی تجزیہ نگار کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ جوابی کارروائی اور کشیدگی بڑھنے کا باعث بن سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد اس واقعہ میں متعدد عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن ہر بار تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جا سکتا۔اگر واقعہ ایک حادثہ ثابت ہوتا ہے تو یہ بھارت کےمیزائل لانچ کے حوالے سے موجود حفاظتی طریقہ کار کے لحاظ سے انتہائی تشویشناک ہے ۔سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ بھارت نے حادثاتی میزائل فائر کے بعد پاکستان کو فوری اطلاع نہیں دی اور2 دن بعد اس کی تصدیق کی۔ یہ پہلو غیر ذمہ دارانہ رویے، بھارتی مسلح افواج میں پیشہ ورانہ مہارت کی کمی اور سٹریٹجک ہتھیاروں کی کمانڈ اور کنٹرول کے بارے میں تشویش کو جنم دیتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید