اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک سے سبسڈی واپس لینے کے خلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ سبسڈی دینا اور واپس لینا حکومت کاکام ہے،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی تو عدالت کے نوٹس پرسیکرٹری پاور ڈویژن پیش ہوئے اور بتایا کہ کے الیکٹرک کو ٹیرف میں سبسڈی دی گئی تھی جو قانون کے مطابق واپس لے لی ،چیف جسٹس نے ریما رکس دیے کہ ریگولیٹر کو کام کرنے دینا چاہیے، جو ہوگیا سو ہوگیا آئندہ وزارت خیال کرے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سبسڈی ضرور دیں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے لیکن بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت سبسڈی دی جاتی ہے؟۔ سیکریٹری پاور ڈویژن نے جواب میں بتایا کہ سبسڈی بالکل ایسے ہی دی جاتی ہے جیسے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دی جاتی ہے۔عدالت نے سیکرٹری توانائی کی وضاحت کے بعد اپیلیں خارج کردیں۔