پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے صدر میں مسیحی برادری کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگرسمیت مسیحی برادری سے بشپ منورومال شاہ، بشپ ارنسٹ، پادری پرویز ضیاء اللہ، ریورنڈ یوسف ٹی ایم اعظم ڈیوس آف پشاور، پاسٹر انجم جاوید، ریورنڈ رزاق اورمسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سینٹ جان کیٹھیڈرل چرچ سرسید روڈ پشاور صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے افراد نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہر ی میں درخواست کی گئی کہ پشاور میں موجودچرچ کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں تاکہ سکیورٹی مزید بہتر ہو سکے اور مسیحی برادری کے لیے سرکاری نوکریوں میں کوٹہ دیا جائے اور تہکال میں چرچ کا رقبہ کم ہے اس لیے چرچ کا رقبہ زیادہ کیا جائے اور پشاور میں مسیحی برادری کے قبرستان کے لیے شہر میں جگہ دی جائے تاکہ مسیحی برادری کے لیے آسانی پید ا کی جا سکے اور پشاور کے تمام مسیحی علاقوں میں فوری طور پر ڈینگی سپرے کیے جائیں اور مسیحی برادی کے تمام تعلیمی اداروں میں سکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیس کی مسلسل ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے ذاتی مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنرپشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنرپشاور شفیع اللہ خان نے کہا کہ آپ سب کی خدمت ہم پر فرض ہے اور میر ے دفتر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ عوامیمسائل سے آگاہی اوردہلیز پر حل اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنرپشاورنے افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔