• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کا سندھ ہاؤس پر دھاوا، ڈنڈے اور لوٹے اٹھا کر احتجاج، دروازہ توڑ کر اندر داخل، 2 ارکان قومی اسمبلی سمیت 12 گرفتار، شخصی ضمانت پر رہا

اسلام آباد( ایجنسیاں) تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے ،کارکنان نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف احتجاج کیااور نعرے لگائے ‘ مظاہرین نے ہاتھوں میں لوٹے اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے‘پولیس نے تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی فہیم خان اور عطاءاللہ نیازی سمیت 12افراد کو گرفتار کرلیا جنہیں بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

 دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنوں نے پشاور ‘ لاہور ‘ فیصل آباداورنارووال میں بھی منحرف ارکان قومی اسمبلی کے خلاف مظاہرے کئے ۔سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہاہے کہ یہ ٹریلرہے ‘فلم ابھی باقی ہےجبکہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سندھ ہاؤس کو نیا چھانگامانگا بنائیں گے تو عوام کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا‘پیپلز پارٹی اور ن لیگ لوٹوں کو کہیں اور شفٹ کر لے ورنہ پورا مہینہ تماشہ لگا رہے گا ہم کس کس کو روکیں گے۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ یہ عدم اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی ووٹ بیچ رہا ہے، یہ محض پروپیگنڈا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں جلسے ملتوی کردیں، کوئی مرگیا یا مروا دیا گیا توسب پچھتائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایم این اے فہیم خان اور عطاءاللہ نیازی کی قیادت میں پی ٹی آ ئی کے کارکنان منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ ہاؤس پہنچے اور سندھ ہائوس کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں لوٹے اورڈنڈے اٹھا رکھے تھے‘مظاہرین نے منحرف ارکان ‘حزب اختلاف کے خلاف اور وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کردیا۔

مظاہرین کا کہناتھا پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔اس دوران کارکنان مشتعل ہوگئے اور سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کی۔

دوسری جانب لاہور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا، پارٹی کارکنوں نے لوٹے اٹھا کر خاتون رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر گجر کے گھر کا گھیراؤ کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

فیصل آبادمیں جہانگیر ترین گروپ میں شامل راجا ریاض کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کے دوران راجا ریاض سمیت دیگر منحرف اراکین کے خلاف ہاتھوں میں لوٹے اٹھاکر احتجاج کیا اور سخت نعرے باری کی۔

پشاور میں منحرف رکن نور عالم خلاف کے بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے سخت احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑکوں پر لگے نور عالم خان کے پوسٹرز بھی پھاڑ دیے، پشاور پریس کلب کے باہر موجود مظاہرین کا کہنا تھا کہ نور عالم خان ضمیر فروش ہیں۔ 

اہم خبریں سے مزید