کراچی(ٹی وی رپورٹ)ماہر قانون چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے تک منحرف رکن اسمبلی اسٹیٹس انجوائے کرسکتا، ووٹ بھی کائونٹ ہوگا۔ ایک انٹرویو میں چوہدری اعتزاز احسن کاکہناتھاکہ اس ریفرنس میں کوئی ابہام نہیں ہے کہ کوئی اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو اس کو بالآخر ڈی سیٹ ہونا پڑتا ہے تاہم بالآخر سے مراد کیا ہے اور کب ہے؟ اس کے بارے میں آرٹیکل 63-A میں لکھا ہوا ہے کہ پہلے پارٹی سربراہ اس منحرف رکن کو نوٹس دے گا اور جواب لے گا ، جواب سے مطمئن نہ ہوا تو پھر الیکشن کمیشن کو بھیجے گا اور چیف الیکشن کمیشن سماعت کریں گے ، اب رہی بات کہ سماعت کب ہوگی؟ اور کیا اس کا ووٹ کاؤنٹ ہوگا ؟ اس میں بھی ابہام اس لیے نہیں کیوں کہ بہت واضح ہےکہ چیف الیکشن کمیشن کےحتمی فیصلہ تک منحرف رکن رکن اسمبلی رہے گا ،رکن اسی وقت اپنی سیٹ، اختیارات اور رتبہ سے محروم ہوگاجب چیف الیکشن کمشنر پارٹی سربراہ کے فیصلے کی سفارش کو کنفرم کردیں گے۔