کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا کے صف اول کے بیٹر اسٹیو اسمتھ نے کہا ہے کہ لاہور میں آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، کراچی ٹیسٹ میں ہم جیت کے بہت قریب پہنچ گئے تھے لیکن ہم نے کئی مواقع ضائع کردیئے۔کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم نے غیر معمولی اننگز کھیلی، بابر اعظم نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز قائم کئے وہ ٹاپ فائیو بیٹرز میں شامل ہیں۔ہفتے کو ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ایشیائی کنڈیشنز میں ٹیسٹ میچز کھیلنا ہمیشہ سے چیلنج رہا ہے، اب تک سیریز بہت اچھی اور شاندار اسپرٹ میں کھیلی جا رہی ہے۔ ٹیسٹ میچز چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں، ہمیں یہاں آکر مختلف پچز پر کھیلنا اچھا لگ رہا ہے اور کوشش ہوگی کہ لاہور ٹیسٹ میں پرفارمنس کے معیار کو مزید بہتر بناکر یہ سیریز اپنے نام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسپنرز کے خلاف پاکستانی بیٹرز بہت اچھا کھیلے، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق بھی چوتھی اننگز میں عمدہ کھیلے میں نے ان پچز پر لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کی لیکن 70 کے قریب اسکور کر سکا، سخت محنت کے بعد جب میں آؤٹ ہوتا رہا تو یقینی طور پر مجھے بہت مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لاہور ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گا، کراچی ٹیسٹ کے اختتامی وقت میں مجھے کچھ مختلف نہیں لگا، اب تک سیریز بہت اچھی جا رہی ہے شاندار اسپرٹ میں کھیلی جا رہی ہے۔اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ونوں ٹیموں نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے بہترین ماحول میں کھیل ہو رہا ہے، میں نے ابھی لاہور کی پچ نہیں دیکھی لیکن باؤنسی پچ کی توقع نہیں کر رہا پہلے دو ٹیسٹ میچز سے ملتی جلتی پچ ہو گی۔شاہین آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف نے جب ریورس سوئنگ کی کوشش کی تو میں نے پوزیشن میں آکر کھیلنے کی کوشش کی، ہم ٹیسٹ میچز چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں، ہمیں یہاں آکر مختلف پچز پر کھیلنا اچھا لگ رہا ہے۔اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ابھی تک میں نے اردو لفظ نہیں سیکھے، لاہور میں بریانی ہماری ٹیم کیلئے کمروں میں آئی۔پاکستان کی بریانی متاثر کن ہے۔