کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کر دیاہے۔ایشیا کپ 2022 ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
کوالیفائرز 20 اگست سے کھیلے جائیں گے۔اے سی سی کا اجلاس کولمبو میں ہوا ،پی سی بی چیئرمین رمیز راجا اور سی ای او فیصل حسنین نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔
بھارت کے جے شاہ کو 2024 تک متقفہ طور اے سی سی صدر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں قطر کرکٹ ایسوی ایشن کو اے سی سی کی مکمل رکینت دی گئی۔
ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہر دو سال بعد کیا جاتا ہے، 2020میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کوروناکے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کردیا تھا۔2021 میں ٹورنامنٹ کے آغاز کے لئے سری لنکا کے وینیو کا انتخاب کیا گیا تاہم اس بار بھی کورونانے منتظمین کی امیدوں پر پانی پھیرا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے، جس نے 14 ایڈیشنز میں سے 7 بار اسے اپنے نام کیا، پانچ بار سری لنکا نے ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھائی جبکہ پاکستان صرف دو بار یہ اعزاز اپنے نام کرسکا ۔