کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی میں گلبرگ زون فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر 5میں محمود ریاض شہید پارک اوربلاک نمبر 6 میں سعید کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کردیا، ایڈ منسٹریٹر نےضلع وسطی میں ترقیاتی کاموں میں تیزرفتاری اور عوام کی فلاح بہبود کے لئے کئے جانے والے مثبت اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر و ایڈ منسٹریٹر ضلع وسطی طحہٰ سلیم،میونسپل کمشنرزاہد حسین،اسسٹنٹ کمشنرگلبرگ دان خان لاشاری سمیت بلدیہ وسطی کے پارکس ڈپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کیا، مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی میں 100 پارکس پراجیکٹ کے تحت اجڑے ہوئے پارکس و پلے گراؤنڈز کی تعمیر نواور آرائش کرنے کے کام کو قابل تحسین قرار دیا اور ن حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ضلعی اور بلدیاتی انتظامیہ عوام کی فلاح بہبود کے لئے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر کراچی نےکڈنی ہل پارک میں بے نظیر بھٹو آبشار کا سنگ بنیاد رکھا اور پارک میں بنائے گئے فوزیہ وہاب گارڈن اور لائٹس ٹاور کا افتتاح کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے منسوب پاکستان کی بڑی آبشاروں میں سے ایک آبشار دو ماہ کے اندر مکمل کرلیں گے، پارک میں روشنی کے لئے لائٹس ٹاور بھی لگادیئے ہیں، آبشار 200 فٹ لمبی اور 25 فٹ اونچی ہوگی۔