پشاور (خصوصی نامہ نگار) شعبہ صحافت وابلاغ عام پشاور یونیورسٹی میں محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کے اشتراک سے جنگلات کا عالمی دن منایا گیا، اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس مہمان خصوصی تھے، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زاہد انور، شعبہ صحافت کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ جان، ڈپٹی چیف کنزرویٹر حضرت میر، کمیونٹی ڈویلپمنٹ امپائورنگ جینڈر فار ایکٹو ڈویلپمنٹ(سی ڈی ای جی اے ڈی) کی ڈپٹی ڈائریکٹر زوبیا گل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ شعبہ صحافت میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا گیا۔ وائس چانسلرنے طلبہ پر زور دیا کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، صحت مند ماحول اور بیماریوں سے بچائو کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ضروری ہے، طلبہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی میں متحرک کردار ادا کریں ت۔ شعبہ صحافت کے چیئرمین ڈاکٹر فیض اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع دیئے جارہے ہیں شعبے کا ہر طالب علم کم از کم ایک پودا لگائے گا۔ بعد ازاں وائس چانسلر، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، چیئرمین شعبہ صحافت اور ڈپٹی چیف کنزرویٹر نے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیاجبکہ شعبہ صحافت کے اساتذہ اور طلبہ نے شجرکاری مہم واک بھی نکالی ، واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے جن پرایک صحت مند ماحول کے لئے شجرکاری کی اہمیت بارے نعرے درج تھے۔