اسلام آباد،لاہور (نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے غیر مشروط معافی مانگی، انکی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے.
نوازشریف سرخرو ہوئے، جھوٹ فریب اور کردار کشی کی عمارت منہدم ہوگئی، معافی نامہ عمران خان کیخلاف چارج شیٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور رانا ثنا اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کے سربراہ نے میاں محمد نواز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور نیب کے کہنے پر ان کیخلاف باریک بینی سے تحقیقات کی گئی اور ان کیخلاف ایک دھیلے کی کرپشن تلاش نہیں کی جاسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ نے کہا ہے کہ وہ حرام کی کمائی سے بنایا گیا اثاثہ، غیر قانونی فنڈز اور کرپشن تلاش نہیں کرسکے۔براڈ شیٹ کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ان کا تقرر کیا گیا تھا.
اتنے سالوں تک شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے پر انہیں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نیب کی جانب سے دی گئی تمام اطلاعات غلط تھیں اور یہ باتیں ہوا میں کی گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کاوے موسوی بالآخر ایک بڑا انسان ہے جس نے غیر مشروط معافی مانگی، ان کی معافی نیازی نیب گٹھ جوڑ کے منہ پر ایک زناٹے دار تھپڑ ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اللہ آج نواز شریف کی نیک نامی کو روزِ روشن کی طرح سامنے لے کر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے سامنے عمران نیازی کا جھوٹ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے۔