• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام جاننا چاہتے ہیں وزیراعظم نے جانور کس کو کہا، وقت کے یزید کا سامنا ہے، مقابلہ امپائر کی انگلی نہیں ووٹ کے انگوٹھے سے ہوگا، بلاول

مالاکنڈ(نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے میں گیٹ نمبر 4کھٹکھٹائوں گا نہ کالا کوٹ پہن کر عدالت جائوں گا،ہمیں وقت کے ظالم، فرعون اور یزید کا سامنا ہے، مقابلہ امپائر کی انگلی نہیں ووٹ کے انگوٹھے سے ہوگا، چوہا عدم اعتماد کی ووٹنگ سے بھاگ رہا ہے، خان توعزت، غیرت والے ہوتے ہیں، خان تو بہادر یہ کہاں کا خان ہے؟ یہ بنی گالہ، فنی گالہ کا خان ہو سکتا ہے.

 عوام جاننا چاہتے ہیں وزیراعظم نے جانور کس کو کہا، کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں کروں گا، فوری عدم اعتماد کے پراسس کوجمہوری طریقے سے مکمل کیا جائے.

10لاکھ کا جلسہ کرنے کے بجائے 173اراکین کا اسمبلی میں جلسہ کرو،عمران خان ہرادارے کواپنی ٹائیگرفورس بنانا چاہتا ہے ایسا نہیں ہونے دیں گے،مجھ پر تنقید کر نے والے اپنے بچوں کو بھی اردو سکھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو ملاکنڈ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان اکثریت کھو چکے اور حکومت ختم ہو چکی، عمران سابق وزیراعظم بن چکا ہے، عمران غیرت ہے تو مقابلہ کرو، بزدل گالی دیتا ہے مرد ہے تومقابلہ کرو۔

انہوں نے کہاکہ 14دن کے اندر اجلاس بلانا پڑتا ہے، پہلے پارلیمنٹ لاجز، پھر سندھ ہاؤس میں حملہ کیا گیا، یہ بیچارے اسپیکر کو آئین توڑ کر آرٹیکل 6 میں پھنسا رہا ہے، عمران بھاگنے کے بجائے عدم اعتماد کا اجلاس بلاؤ۔انہوں نے کہاکہ قوم چاہتی ہے وزیراعظم مہنگائی کی طرف دھیان دیں۔

 وزیراعظم کے منہ سے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، گالی دینے کا مطلب ہارنے والے شخص کی نشانی ہے، ڈیزل، ڈیزل کہنے والے کو پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نظرنہیں آتا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کہتا ہے اسے مہنگائی کی پرواہ نہیں، شہبازشریف صاحب پر بوٹ پالش کا الزام لگاتا ہے، عمران خان نے تو پورے سمندر کا بوٹ پالش کردیا، مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والا اسی زبان سے گالی نکالتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید