• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کا تاریخی اجلاس آج، عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، وزیراعظم

 اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) قومی اسمبلی کےآج ہونے والے تاریخی اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈاجاری کردیاگیاہے جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل کی گئی ہے۔

اجلاس جمعہ کی صبح 11بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے.

 تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے کہ میں دباؤ میں آجاؤں گا‘27مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں‘اتحادی ہمیں مایوس نہیں کریں گے‘میں یہ چاہتاہوں کہ ساری قوم27مارچ (اتوار)کو میرے ساتھ صرف ایک پیغام دینے کے لئے نکلے کہ ہم بدی کےساتھ نہیں بلکہ ہم بدی کے خلاف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت پربریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ آج یعنی 25مارچ کو اجلاس کا پہلا دن مختصر رکھا جائے۔

ارکان نے تجویز دی ہے کہ اجلاس رکن قومی اسمبلی خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کردیا جائے اور اپوزیشن کو عدم اعتماد کی تحریک پیش نہ کرنے دی جائے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ارکان نے مرحوم رکن قومی اسمبلی کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی تجویز بھی دی۔

ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کی جائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اس لیے اپوزیشن کےساتھ جانے کا اعلان نہیں کررہے، اتحادی ابھی تک ہمارا حصہ ہیں، اگر ایسی بات نہ ہوتی تو وہ اب تک استعفیٰ دے چکے ہوتے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو جو خوش فہمی ہے اتحادی اس میں نہیں آئیں گے‘.

وزیراعظم نےکہا اتحادیوں کا باضابطہ اعلان نہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے حامی ہیں، اتحادیوں سے رابطے میں ہوں، وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔

ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعظم نےکہا کہ منحرف اراکین کے خلاف 7 روز ہونے کے بعد کارروائی کریں گے.

 پرُامید ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارےحق میں آئے گا ، تمام منحرف اراکین تا حیات نا اہل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ27مارچ کو معلوم ہوجائے گا عوام کس کےساتھ ہیں، عوام کا سمندر اسلام آباد میں ہوگا‘مقابلے کیلئے کوئی نہیں ہوگا‘ہم یہ لڑائی جیت چکے ہیں.

 اپوزیشن کےخوابوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

دریں اثناء عمران خان نے قوم سے کہا ہےکہ وہ 27 مارچ (اتوار)کو یہ پیغام دینے نکلیں کہ وہ برائی کے ساتھ نہیں ہیںتا کہ مستقبل میں کسی کی جرات نہ ہوکہ وہ ہارس ٹریڈنگ کرکے جمہوریت اور قوم کو نقصان پہنچائے .

 ملک میں30سال سے لوٹ مار کرنے والا ڈاکوئوں کا ٹولہ اکھٹے ہوکر کھلے عام پارلیمنٹرینز کے ضمیر خرید رہا ہے۔

جمعرات کو قوم کے نام اپنےویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں یہ چاہتاہوں کہ ساری قوم27مارچ کومیرے ساتھ صرف ایک پیغام دینے کے لئے نکلے کہ ہم بدی کےساتھ نہیں بلکہ ہم بدی کے خلاف ہیں۔

اہم خبریں سے مزید