• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیسز سماعت کیلئے تمام کی بجائے متعلقہ ایک دو افسر پیش ہوا کریں،ہائیکورٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس اسجد جاوید گورال نے ہدایت کی ہے کہ عدالت عالیہ میں کیسز کی سماعت کیلئے تمام اعلی پولیس افسران کی بجائے متعلقہ ایک دو افسر پیش ہوا کریں ۔عدالت عالیہ نے لاپتہ افراد کیلئے لاہور میں قائم سپیشل سیل کی طرف سے کارروائی کی نشاندہی پر قرار دیا کہ کیسز کی سماعت ایک جگہ ہونی چاہیے۔ عدالت عالیہ نےیہ ہدایات ملت چوک چکوال سےمسجد کے باہر سے لاپتہ محمد معاویہ حسن ،اڈیالہ روڈ سے لاپتہ دو بھائیوں صادق امین اور زاہد امین،اڈیالہ جیل سے لاپتہ بخت شاہ زیب اور اجمل خان کے کیسز کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے جاری کیں ۔جمعرات کو سماعت کے موقع پر آر پی او ، سی پی او راولپنڈی سمیت دیگر سرکاری افسران پیش ہوئے۔سرکاری وکیل نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے تاہم ابھی تک کامیابی نہیں ہوئی۔لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے لاہور میں ایک سپیشل سیل قائم ہے جو سماعت کررہا ہے۔محمد معاویہ حسن کی بازیابی کیلئے حفظ الرحمان نےرٹ دائر کی ہوئی ہے۔اڈیالہ روڈ سے لاپتہ دو بھائیوں صادق امین اور زاہد امین کی بازیابی کیلئے سلطان محمود اوراڈیالہ جیل سے لاپتہ بخت شاہ زیب اور اجمل خان کی بازیابی کیلئے زاخیل نے رٹ پٹیشنز دائر کررکھی ہیں۔
اسلام آباد سے مزید