کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ ہم جب پاکستان آرہے تھے تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ یہاں کیا ہوگا۔ جو کچھ ہوا وہ ناقابل یقین تھا، صرف 15 روز کرکٹ ہی نہیں تھی، ساتھ میں ہنسی مذاق اور بہت کچھ تھا، ہم نے اس دورے کو بھرپور انجوائے کیا ہے۔میچ کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور ان کی ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا۔کچھ سیشن کا کھیل فیصلہ کن ہوتا ہے ۔ میزبانی کرنے والے، سیریز کھلانے والے ہر فرد کا ہم شکریہ ادا نہیں کرسکتے، بہت شاندار انتظامات ملے۔ ہم پھر بھی آنا چاہیں گے۔ پاکستان میں سیریز کے نتائج سے ہٹ کر بھی بہت کچھ تھا جو ہم نے حاصل کیا، یہ ہمارے لئے ایک شاندار تجربہ تھا۔ ہوٹل ، سکیورٹی اور شائقین کا رویہ ہر کچھ کلاس کا تھا۔ کامیابی میں ہر کھلاڑی کا کردار ہے، ہمارے بولرز نے ہر میچ میں عمدہ پر فار منس دی، بیٹرز کا کردار نمایاں رہا۔ ادھر مارنس لبوشین نے کہا ہے کہ فتح بڑا کارنامہ ہے۔ یہ آخری سیشن میں جاکر ہمارے ہاتھوں میں آئی ، سخت مقابلہ ہوا۔ بابر اعظم اور پی سی بی کا شکریہ، انہوں نے شان دار سیریز کا انعقاد کیا، سیریز میں مزہ آیا۔