اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے تحریک عدم اعتماد سے پہلے سیاسی جماعتوں کے جلسے جلوس روکنے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ ہفتہ کے روز ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ جمعیت علما اسلام کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے سری نگر ہائی وے بلاک نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، عدالتی احکامات اور یقین دہانی کے باوجود جمعیت علما اسلام سری نگر ہائی وے سمیت سروس روڈ بند کرنا چاہتی ہے جس پر جے یو آئی کو انتظامیہ شوکاز نوٹس جاری کر چکی ہے۔ پولیس اور سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق جے یو آئی کی جانب سے ریڈ زون تک مارچ کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے عوام کے جان و مال کو خطرہ ہے ، انتظامیہ کے جاری کردہ این او سی کی خلاف ورزی سے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کے جلسے اور ممکنہ تصادم سے روکنے کیلئے دائر درخواست پر اسلام آباد انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔