گوجرانوالہ ،اسلام آباد( نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تمہاری 2درجن وکٹیں نواز نے گرادیں،کیا تمہارے ارکان امریکا نے منحرف کئے.
اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میںعوام نے عمران خان کے جلسے میں شرکت نہ کرکے جلسہ ناکام بناکر ان کی سیاست دفن کردی، وہ کہتا تھا کہ 10لاکھ لوگ لائیں گے .
10ہزار لوگ بھی جلسے میں نہیں آئے ، وہ شخص پریڈ گراؤنڈ میں زور زور سے رو رہا ہے ، کوئی راز نہیں بتایا،آٹا چینی،عوام کا سکون،ترقی کھانے والے چوہے ’’عمران‘‘ تم 75سال میں تمیز نہیں سیکھ سکے.
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما ن لیگ حمزہ شہباز کاکہناہےکہ کیسا انوکھا صادق و امین ہے جو توشہ خانہ کیس کا حساب نہیں دیتا، عمران خان سند یافتہ چور ہے، گوجرانولا کی عدالت سزا سنا چکی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما ن لیگ شہباز شریف نے کہاکہ لندن پلان سے اقتدار میں آنے والے کو ہر چیز میں سازش نظر آرہی ہے اس لیے بے تکی توجیہات پیش کر رہا ہے،مہنگائی مکائو مارچ گوجرانوالہ سے گھگھر منڈی پہنچ گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی شخص بیرون ملک جانے کے لیے ایئر پورٹ جاتا ہے تو 50 سے 60 لوگ اس کو بھی الوداع کہنے آجاتے ہیں لیکن عمران خان تمہیں تو اتنے لوگ بھی الوداع کہنے نہیں آئے.
عمران خان اب اپنے ناکام جلسے کا الزام بھی نواز شریف پر نہیں لگادینا،وہ شخص جس سے عالمی رہنما بات کرنا نہیں چاہتے ، جس کو کوئی منہ لگانا نہیں چاہتا وہ ابسولوٹلی ناٹ کی بات کرتا ہے .
ابسولوٹلی ناٹ کہنا اس کو کہتے ہیں جب نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی پیش کش ٹھکرا کر بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں 6ایٹمی دھماکے کیے ، عمران خان اپنے خلاف عالمی سازش کی بات کرتے ہیں، کیا دنیا نے ان کے 2 درجن بندے اڑا دیے.
نواز شریف دنیا کا واحد بالر ہے جس نے لندن سے بیٹھ کر ایک گیند پر عمران خان کی 2 درجن وکٹیں اڑادیں، نواز شریف وہ بلے باز ہیں جنہوں نے عمران خان کی گیند کو چھکا ماکر اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیا، عمران خان کہتے ہیں نواز شریف لندن میں لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں.
نواز شریف جس سے بھی ملتے ہیں پاکستان اور اس کے 22 کروڑ لوگوں کے لیے ملاقات کرتے ہیں، تمہاری طرح باہر جا کر، بھارت جا کر اپنی فوج کے خلاف بات نہیں کرتا، تم محلے کی ماسی کی طرح کبھی ادھر چغلی لگاتے ہو کبھی ادھر چغلی لگاتے ہو، کان کھول کر سن لو، یہ ادارے ، یہ قوم، یہ عوام نواز شریف کے ہیں۔
انہوں نے کہا وہ کہتے ہیں کہ ان کے پاس راز ہیں، اگر ان کے پاس راز ہوتے تو آج وہ لازمی لوگوں کے سامنے ان رازوں کو نشر کرتے لیکن یہ بات نہیں کریں گے ، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر ہم نے بات کی تو ہمارے کرپشن کے اسکینڈلز کھل جائیں گے ، وہ جانتے ہیں یہاں انہوں نے زبان کھولی وہاں ان کی آٹا، چینی، ایل این جی میں کرپشن کے پلندے کھل جائیں گے .
عمران خان 22 کروڑ لوگوں کا آٹا، چینی گھی، روزگار کھا گیا، عمران خان کی حکومت کا سب سے بڑا اسکینڈل لاہور کی فرح نامی خاتون ہے جس کے تانے بانے بنی گالا کے جادو ٹونے سے ملتے ہیں، کوئی ٹرانسفر، کوئی پوسٹنگ، کوئی تقرروتبادلہ فرح نامی خاتون کو کروڑوں روپے رشوت دیے بغیر نہیں ہوتے، نواز شریف نے زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کیا، جعلی مقدمات کا سامنا کیا.
عمران ان نے آپ کے خون پسینے کے 12 ارب روپیہ صرف نواز شریف کی کرپشن کے ثبوت ڈھونڈنے کے لیے خرچ کیے ، کیا یہ ان کے خاندان کے پیسے تھے جو انہوں نے خرچ کیے ، ہم ان پیسوں کا حساب لیں گے ، 12 ارب روپے خرچ کیے اور جواب میں نکلا کیا.
جواب میں پوری دنیا نے گواہی دی کہ نواز شریف صادق و امین ہے ، مخالفین کا شکریہ جن کی وجہ سے پہلے جج ارشد ملک نے نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی دی پھر لندن کی عدالتوں سے بھی نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں گواہی آئی.
ان شاءاللہ نواز شریف اور شہباز شریف آئیں گے اور پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلیں گے،انہوں نے کہا کہ کیا لوگوں کے منہ سے روٹی چھین لینا امر بالمعروف ہے ، ان سے چینی، آٹا، بجلی اور گیس چھین لینا امر بالمعروف ہے یا بدتمیزی اور بد تہذیبی کے نئے ریکارڈ قائم کرنا امر بالمعروف ہے ۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے اندر کوئی ایک شخص ڈیزل کہلانے کا حق دار ہے تو وہ عمران خان ہے کیونکہ اس کے دور میں جس طرح سے جتنی قیمتیں بڑھی ہیں تو ڈیزل کا نام ہمیشہ کے لیے عمران خان سے منسوب ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول 15 سال میں اردو سیکھ سکا ہو یا نہ سیکھ سکا ہو لیکن آپ 75 سال میں تمیز نہیں سیکھ سکے ، آپ کو نہیں پتا کس کو کس طرح بلانا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی انتقام میں اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ آپ کو پتا نہیں کہ ٹی وی پر کھڑے ہو کر کیا کہہ رہے ہیں، ہمیں والدین نے اس طرح کے القابات استعمال کرنا نہیں سکھایا لیکن آپ نے بات کی ہے تو اب آپ جواب سننے کے لیے تیار ہوجائیں۔وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرکے مریم نواز نے کہا کہ آپ لوگوں کو چوہا کہتے ہیں.
2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے ، جس نے ووٹ کی پرچی کو کترا، جس طرح آر ٹی ایس بٹھایا گیا تھا لوگ وہ بھولے نہیں ہیں، تبھی ساڑھے تین سال میں آپ کا یہ حال ہے ۔
مریم نواز سے قبل مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیسا عجیب و غریب صادق و امین ہے جو توشہ خانے کا حساب نہیں دیتا، جو فارن فنڈنگ کیس کا حساب نہیں دیتا،عمران خان سند یافتہ چور ہے، پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو کامیاب بنائے گی.
ن لیگ پاکستان کے مسائل کو حل کرے گی، ہمارا قافلہ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے، ہم خالی ہاتھ نہیں لوٹنےوالے،قومی اسمبلی میںانشاءاللّٰہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر عمران خان نے بے تکی توجیہات پیش کرنا شروع کردیں،انہوں نے کہا کہ جو لندن پلان سے اقتدار میں آیا، اُسے ہر چیز میں سازش نظر آتی ہے.
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’کسی شک یا غلطی میں نہ رہو، تم ہار چکے ہو کیونکہ تم نے عوام کو بے وقوف بنایا اور کرپٹ ترین، نااہل ترین حکومت بنائی۔