• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے، پنجاب حکومت اپوزیشن کی ہوگی، آصف زرداری

اسلام آباد، لاہور (ایجنسیاں،جنگ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بن سکتے، پنجاب میں حکومت اپوزیشن کی ہوگی.

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل مزید 3 حکومتی وکٹیں گر گئیں، بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی، اسرار ترین اور فیصل آباد کے چوہدری عاصم نذیر نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ایاز صادق، سردار اختر مینگل اور مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوادرسے آزاد حیثیت سے رکن منتخب ہوا تھا، الیکشن آرہا ہے اب ہماری الیکشن کی طرف نظرہے، آصف زرداری کے میرے اوپربہت احسانات ہیں۔

 سابق صدر جہاں بھی جائینگے انکا ساتھ دونگا، عزت دینے پر شکرگزار ہوں۔ زرداری کے دور میں بلوچستان کا این ایف سی ایوارڈ بڑھا۔

 اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی لوگوں کا رابطہ تو رہتا ہے، رات بارہ بجے وہ مجھے مبارک باد دینے اور لینے آتے ہیں، مگر معلوم نہیں پھر ق لیگ کو کیا ہوا، جس کواپوزیشن نامزد کریگی وہی وزیراعلیٰ پنجاب بنے گا۔

پنجاب میں بھی ہم اپنی مرضی کی تبدیلی لائینگے، پنجاب میں مشاورت سے وزیراعلیٰ کا امیدوارلائینگے۔

انہوں نے کہا کہ اب پرویز الٰہی نے دیر کر دی ہے، اب وزیراعلی پنجاب وہی ہوگا جسکا فیصلہ اپوزیشن کریگی، نمبرز گیم صرف ہمارے پاس ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ ایم کیوایم کی کسی ڈیمانڈ پر انکار نہیں کیا، پاکستان اور کراچی کی ترقی کیلئے ہم نے ایم کیوایم کے ساتھ میوچل ورکنگ شپ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان میں سلیکٹڈ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پیش کردی ہے، کل ایک تاریخی دن تھا، متحدہ اپوزیشن نے کل تحریک عدم اعتماد پیش کیا، کل بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا.

 آج اسلم بھوتانی کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مرحلے میں کھڑے ہو رہے ہیں، متحدہ اپوزیشن اسلم بھوتانی کو سیلوٹ کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید