• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی نے انحراف کیا، جواز کیلئے بہتر بہانہ تلاش کریں، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی نے اپنے وعدے سے انحراف کیا جواز دینے کیلئے بہتر بہانہ تلاش کریں.

ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ حکومت نے مائنس بزدار کا ہمارا پہلا مطالبہ پورا کردیا ہے، اگلی میٹنگ میں جہانگیر ترین کو آن بورڈ لے کر کوئی فیصلہ کریں گے.

ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ ق لیگ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دے گی.

ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ ترین گروپ کا وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے عمران خان کے امیدوار کو ووٹ دینا مشکل ہے، ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ ایم کیو ایم کا جھکاؤ اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کی طرف ہے۔

ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی نے اپنے قد اور حیثیت سے بہت چھوٹی بات کی ہے، اگر انہیں پتا چلا تھا کہ تین سے چھ ماہ کیلئے وزیراعلیٰ بنایا جائے گا تو ہم سے بات کرنی چاہئے تھی.

چودھری پرویز الٰہی نے اپوزیشن سے کہا پہلے تحریک عد م اعتماد جمع کروائیں اگلے دن ہم اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیں گے، صبح ساڑھے نو بجے تک تحریک عدم اعتماد جمع نہ ہوئی تو پرویز الٰہی کا فون آگیا کہ ابھی تک تحریک جمع نہیں ہوئی، پرویز الٰہی نے اپنے وعدے سے انحراف کیا جواز دینے کیلئے بہتر بہانہ تلاش کریں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، وفاق کی سطح پر احسن اقبال نے ان کے ساتھ ہر چیز ڈسکس کرلی ہے.

 پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اور ایم کیو ایم کے علاوہ بھی ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، طارق بشیر چیمہ کے ساتھ ون پلس ٹو ووٹ ہیں، طارق بشیر چیمہ نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر قائم رہیں گے، ہمارے پاس 190 اراکین ہیں چوہدری پرویز الٰہی کیا کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ ہاتھ کردیا ہے، پرویز الٰہی سیانے آدمی ہیں لیکن دھوکا کھاگئے ہیں، پرویز الٰہی سے غلطی اپنے بیٹے مونس الٰہی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ حکومت نے مائنس بزدار کا ہمارا پہلا مطالبہ پورا کردیا ہے، اگلی میٹنگ میں جہانگیر ترین کو آن بورڈ لے کر کوئی فیصلہ کریں گے، ترین گروپ ابھی تک کسی فیصلے پر نہیں پہنچا ہے.

 پرویز الٰہی سے رابطہ ہے لیکن حتمی فیصلہ جہانگیر ترین کریں گے، پرویز خٹک نے حکومت کو سپورٹ کرنے کا پیغام دیا ہے جو جہانگیر ترین تک پہنچادیا ہے، علیم خان سے بھی ہم مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، علیم خان نے ترین صاحب کے گھر آکر گروپ کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی، ہماری کوشش ہے علیم خان سے مل کر فیصلے کیے جائیں، علیم خان کا اپنا کوئی لائحہ عمل ہوا تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا، علیم خان کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔

ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ ترین گروپ کا وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے عمران خان کے امیدوار کو ووٹ دینا مشکل ہے، عمران خان نے ترین گروپ کیخلاف بہت انتقامی کارروائیاں کی ہیں ،ہمارے اختلافات عمران خان سے ہیں پرویز الٰہی ان کے امیدوار بنیں گے تو ہمارا انہیں ووٹ دینا مشکل ہوجائے گا، ترین گروپ تحریک عدم اعتماد میں سوفیصد اپوزیشن کا ساتھ دے گا، پی ٹی آئی کے تمام ناراض اراکین نے اپوزیشن کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا ہے.

جہانگیر ترین سے دو تین دن پہلے میری بات ہوئی تھی، اس وقت وہ وفاقی حکومت کی حد تک مجھ سے متفق تھے۔ ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ وزیراعظم نے خود بتایا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے.

عمران خان نے کہا کہ آپ جائیں تیاری کریں اور عوام کو ڈیلیور کریں، عمران خان نے اچھی امیدوں کے ساتھ پرویز الٰہی کو گلے لگایا اور مبارکباد دی ہے، ق لیگ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دے گی، ہماری کوشش ہے عدم اعتماد میں عمران خان کے نمبرز پورے ہوں.

چودھری پرویز الٰہی نے آج وزیراعظم سے ملاقات کی تو انہوں نے یقین کے ساتھ کہا کہ ایم کیو ایم آن بورڈ ہے جلد اعلان کرد ے گی۔

کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ ق لیگ میں کوئی ایم این اے پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ نہیں دے گا، چودھری شجاعت جو فیصلہ کردیں وہ ہمارے لیے حرف آخر ہوتا ہے، پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی پیشکش باہمی مشاورت اور چودھری شجاعت کی حتمی رائے کے بعد قبول کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید