اسلام آباد (طارق بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کیلئے پرویز الٰہی نے چیلنج قبول کرلیا ، تحریک انصاف نے اعلیٰ انتظامی عہدے کیلئے نامزد کردیا۔
فتح کیلئے اکثریت ظاہر کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق خود کو وزیر اعلیٰ منتخب کروانے کے لیے کم از کم 186 قانون ساز اپنے حق میں لانے کا بوجھ چوہدری پرویز الٰہی کے کاندھوں پر ہے جنہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اعلیٰ انتظامی عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں صورتحال قومی اسمبلی کے منظر نامے کے برعکس ہے جہاں حزب اختلاف کی جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں 172 ارکان پیش کرنے کی ذمہ داری سے سرشار ہیں۔
وفاقی سطح پر پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی سے کہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت نہ کریں جب تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو اور انہیں ان کارروائیوں کے دوران حاضر ہونے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
دوسری جانب قرارداد پیش کرنے والے اپنے اقدام کے حق میں زیادہ سے زیادہ حاضری کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔