• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجہ نجابت حسین کی برطانوی ایم پیز سے مسئلہ کشمیر پر ملاقاتیں

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، کنزرویٹو پارٹی کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈریو سٹیپسن ایم پی، اینتھونی ہگ ان بوتھم آف برلے ایم پی، لارڈ واجد خان، میئر آف راچڈیل کونسلر عاصم رشید، کونسلر محمد الیاس،آسیہ حسین، ڈاکٹر محمد اقبال، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ شفق محمد،ثمینہ خان، راجہ راشد حسین، جاوید طارق، تیمور شفیق ودیگر لوکل کمیونٹی نے تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد اقبال کو گزشتہ دو برس میں کورونا وبا کے دوران انسانی خدمات کے صلے میں ان کی شاندار خدمات پر ایوارڈ بھی دیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے ملاقاتیں کیں۔چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے محبوب احمد کو کامیاب ایونٹ کروانے پر اور ڈاکٹر محمد اقبال کو ان کی شاندار خدمات پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے مبارکباد دی، انھوں نے ثمینہ خان کو بھی مبارکباد دی، چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین ودیگر عہدیداروں نے تقریب کے تمام شرکاء کو مستقبل قریب میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی تمام تقریبات میں شرکت کی دعوت دی اور ماضی میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ جہاں یہ لوگ سماجی سطح پر تقریبات اور سرگرمیاں جاری رکھیں گے وہیں ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی تحریک میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا ساتھ بھی دیں گے۔ چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کنزرویٹو پارٹی کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈریو سٹپسن ایم پی اور اینتھونی ہگ ان بوتھم ایم پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں جو لوگ ہمارے ساتھ ہیں ہم ان کے شکرگزار ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ مستقبل قریب میں مزید لوگ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا حصہ بنیں گے تاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو بھارت کے چنگل سے آزاد کروایا جا سکے اور برطانیہ اور یورپ میں سفارتی محاذ پر اس تحریک کو لابی کے حوالے سے مزید منظم کیا جا سکے جس میں ہر پاکستانی وکشمیری کا اور ہمارے کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کا کردار ہے، ان کے اس کردار کو جاری رکھنے کے لئے تحریک اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی، ہم اپنے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی اس تحریک میں سفارتی محاذ پر عالمی برادری کو نہ صرف کشمیریوں کا ہم نوا بنائیں گے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور انسانی حقوق کے کونسل کی 2018اور 2019کی رپورٹس کی روشنی میں عالمی برادری سے بھی یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور ان رپورٹس پر عمل درآمد کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ کنزرویٹو ممبران پارلیمنٹ نے اس موقع پر راجہ نجابت حسین اور تحریک کے دیگر عہدیداروں کو یقین دلایا کہ وہ ماضی میں بھی مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی نہ صرف اس حمایت کو جاری رکھیں گے بلکہ مختلف تقریبات میں شمولیت اختیار کر کے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کریں گے۔ 

یورپ سے سے مزید