پشاور (خصوصی نامہ نگار) نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور میں تیسری گریجویشن تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں سٹارٹ اپس کے پانچویں اور چھٹے گروپ کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا، صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ ڈائریکٹر این آئی عاصم اسحاق خان اور عاطف رئیس بھی موجود تھے۔ این آئی سی پشاور خیبر پختونخوا میں انٹرپرینیوریل ایکو سسٹم اور مقامی سٹارٹ اپس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پانچویں اور چھٹے گروپ کے گریجویٹس نے تعلیم، صحت،صنعت، تجارت، ٹرانسپورٹ، گیمنگ اور دیگر شعبوں کے مسائل کے لئے جدیدیت پر مبنی حل تلاش کئے ہیں۔ دو سال سے کم عرصے میں سٹارٹ اپس نے 1989 بلاواسطہ اور 1790 بلواسطہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کئے،سرمایہ کی بدولت 608 ملین روپے آمدن کی ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال ترقی کر رہی ہے خیبر پختونخوا تیزی سے بدل رہا ہے ، حکومتی پالیسیوں کی بدولت کاروبارفروغ پا رہا ہے۔