• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل کے بعد بیوی کی بوری بند لاش لے جانے والا ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیر آباد میانوالی کالونی میں بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو بوری میں رکھ کر لے جانے والے ملزم کو لوگوں نے پکڑ لیا، پولیس نےملزم کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق نصرت بھٹو کالونی میں جمعرات کی علی الصبح لوگوں نے ایک شخص کو بوری لے جاتے دیکھا اور اسے چور سمجھ کر رکنے کا کہا تو مذکورہ شخص وہاں سے فرار ہونے لگا تو،لوگوں نے اسے پکڑ کر اسکے قبضے میں موجود بوری کو کھولا تو بوری کے اندر خاتون کی لاش تھی جس پر پولیس کو طلب کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ پیر آباد محمد افتخار کے مطابق مقتولہ کی شناخت 24 سالہ راحت ولد جاوید کے نام ہوئی، انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم جاوید مقتولہ کا شوہر ہے اور اس نے پولیس کو بتایا ہے کہ اسکا بیوی سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے ٹیلی فون کے تار سے گلہ دبا کر قتل کیا،قتل کرنے کے بعد وہ مقتولہ کی لاش بوری میں بند کر کے پھینکنے کے لیے جارہا تھا کہ پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کے پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی ۔ مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی اور واقعہ کے وقت اسکے بچے گھر میں ہی موجود تھے،مقتولہ کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید