پشاور(جنگ نیوز) جنرل منیجر سوئی گیس تاج علی خان نے رمضان المبارک کے مہینے میں سحری اور افطاری کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں لو پریشر کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے اقدامات جاری ہیں جبکہ رمضان المبارک میں جہاں کہیں بھی مسئلہ درپیش آئے گا اس کو فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میئر پشاور حاجی زبیر علی کی سربراہی میں منعقدہ تحصیل چیئرمینوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور ‘ تحصیل پشتہ خرہ کے چیئرمین ہارون صفت ‘ تحصیل چمکنی کے چیئرمین ارباب عمر ‘ تحصیل متھرا کے چیئرمین فرید اللہ کافورڈھیری ‘ تحصیل بڈھ بیر کے چیئرمین مفتی طلاء محمد ‘ شاہ عالم تحصیل کے چیئرمین کلیم اللہ ‘ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے تحصیلوں میں گیس پائپ لائن میں پانی آنے ‘ پائپ لائن بچھانے کیلئے کھدائی کے بعد تعمیراتی کام نہ کرانے ‘ لوڈ شیڈنگ ‘ لو پریشر ‘ ری ہیبیلیٹیشن ‘ بوسیدہ پائپ لائن ‘ نئے کنکشنز نہ لگانے ‘ میٹرز نہ لگانے ‘ گیس پائپ لائن اپ گریڈ کرنے سمیت دیگر مسائل پیش کئے جس پر جی ایم سوئی گیس تاج علی خان نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ضلع بھر میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ شہر بھر میں سوئی گیس کی ٹیمیں سروے کر رہی ہیں جہاں کہیں بھی مسئلہ درپیش ہو اس کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بوسیدہ پائپ لائن کا مسئلہ سامنے آرہا ہے ان علاقوں کی سروے کر کے وہاں پر پائپ لائن بچھائی جائے گی تاکہ گیس ضائع نہ ہو اور شہریوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جلد گیس نئے گیس کنکشنز فراہمی اور میٹرز کی تنصیب کا کام شروع کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے ان سے براہ راست رابطہ کریں اور مسائل کی نشاندہی کریں جس کو فوری حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے باقاعدہ کمپلینٹ نمبر جاری کیا جائے گا تاکہ گھر کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس ڈیپارٹمنٹ کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں عوام مسائل کی نشاندہی کریں جس کے حل کیلئے باقاعدہ محکمہ سوئی گیس کی ٹیمیں سائٹ کا وزٹ کریں گی اور مسئلہ حل کرے گی ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ عوامی شکایات کی روشنی میں محکمہ سوئی گیس کے افسران کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاکہ باہمی مشاورت سے عوام کو گیس کی مد میں درپیش مسائل حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام اداروں کے ساتھ ملکر کام کریں گے تاکہ بلدیاتی نظام کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا حل کیپٹل میٹرو پولیٹن پشاور گورنمنٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو سہولیات فراہمی کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔