• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے دوست ملکوں سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا، شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیایہ یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں، وزیراعظم دھمکی آمیز خط ملنے پر تین ہفتے خاموش کیوں رہے اور فوری شور کیوں نہیں کیا؟ بدتہذیبی کانام آزاد خارجہ پالیسی نہیں ہوتا، عدم اعتماد کو بین الاقوامی سازش قرار دیکر عوام کے ذہن کو زہر آلود کرنیکی کوشش کی،ہم نے دھاندلی سے آئے شخص کو ہٹانے کیلئے آئینی راستہ اختیار کیا، امریکا کا نام خود نہیں لے رہے، خدا کا خوف کریں آپ کسے بے وقوف بنارہے ہیں،عمران خان نے مودی کی خارجہ پالیسی کی تعریف کر کے کشمیریوں کی قربانیوں کی توہین کی ، سیاسی ناٹک کل ختم ہو جائیگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نادان دوست بہت نقصان کرتا ہے جبکہ دانا دشمن نادان دشمن سے بہتر ہوتا ہے اور عمران نیازی پر یہ محاورہ بہت اچھا بیٹھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کی آڑ میں بدترین سیاسی انتقام لیا گیا، احتساب کے نام پر درجنوں مقدمات درج کیے گئے لیکن ایک بھی مقدمہ ثبوت کے ساتھ پیش نہ کرسکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان یہ کہہ رہے ہیں کہ بین الاقوامی سازش ہوئی ہے، میں ان کی تقریر نہیں سنتا، انہوں نے عوام کے ذہن کو زہر آلود کرنے کی کوشش کی، آپ کو شرم آنی چاہیے کہ پونے چار سال کے بدترین انتقام کے بعد نواز شریف اور انکے خاندان کے خلاف کرپشن کا ایک دھیلا نہیں ملا۔

اہم خبریں سے مزید