اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے سامنے ’تھریٹ میمو‘ کا انکشاف کرکے دفتر خارجہ کو آگ لگا رہے ہیں، عدم اعتماد کو متنازع نہ بنایا جائے، مشکل حالات میں پاکستان کو کرائسزسے نکالنا ہوگا، آئینی بحران، تصادم کا خطرہ پیدا نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم گیم تو ہارچکا ہے لیکن اس کے باوجود پچ پر لیٹ کر رو رہا ہے، ملک چلانا کرکٹ کا کھیل نہیں ہے، وزیراعظم جاتے، جاتے خارجہ پالیسی، اداروں پرحملہ آورہیں وزیراعظم سیف ایگزٹ، بیک ڈور ڈھونڈنے کی بجائے عدم اعتماد کا مقابلہ کریں، اگر عدم اعتماد پراسیس نہ ہوا تو غیرجمہوری پراسیس ہو گااور اس کے بعد پھر بحران کا خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں معاشی بحران ہے، پاکستان میں وزیراعظم کی وجہ سے معاشی بحران ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی سب کے سامنے ہے۔