• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں پیسکو کا سحری و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

پشاور(جنگ نیوز )چیف انجینئر آپریشن پیسکو اسلم خان گنڈاپور نے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی چار گھنٹے کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جہاں کہیں بھی عوام کو بجلی کی مد میں مسائل درپیش ہوں تو اس کے فوری حل کیلئے اقدامات کرینگے ۔ وہ گزشتہ روز میئر پشاور حاجی زبیر علی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ایس ای پشاور صلاح الدین خان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل خیبر سرکل شان حیدر ‘ ایکسین سٹی رورل امین اللہ خان ‘ ایکسین کینٹ رورل نیاز محمد ‘ ٹیکنیکل اسسٹنٹ ٹو چیف انجینئر آپریشن شوکت خان ‘ پشاور کے مختلف تحصیلوں کے چیئرمینز فرید اللہ کافورڈھیری ‘ ہارون صفت خان ‘ مفتی طلاء محمد ‘ کلیم اللہ خان اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان ‘ حاجی عبد الجلیل جان ‘ مولانا مسکین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران میئر پشاور حاجی زبیر علی اور دیگر منتخب چیئرمینوں نے اپنی تحصیلوں میں بجلی کی لٹکتی تاروں کو ٹھکانے لگانے ‘ ٹرانسفارمرز کی مرمت ‘ ٹرانسفارمرز اپ گریڈ کرنے ‘ شہری علاقوں کو دیہاتی علاقوں کے فیڈرز سے منسلک نہ کرنے اور بجلی نہ ہونے کے باعث مساجد اور گھروں میں پانی کی عدم دستیابی کے مسائل پیش کئے اور رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور لوڈشیڈنگ دورانیہ کم کرنے کی اپیل کی جس پر چیف انجینئر آپریشن پسکو اسلم خان گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور سحری و افطاری کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کیا جائیگا تاکہ شہریوں اور نماز تراویح کے دوران نمازیوں کو مشکلات درپیش نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں بجلی کے مسائل حل کر رہے ہیں اس سلسلے میں پیسکو کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کررہی ہیں اور لوگوں کے مسائل حل کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد پشاوربھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائیگا جس میں باقاعدہ شہریوں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور نا جائز بلنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرز کی تنصیب کا عمل انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات نہ ہوں ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے واپڈا حکام کی جانب سے یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے واپڈا حکام کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔
پشاور سے مزید