لندن (جنگ نیوز) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف20برس کے بعد ایک روزہ سیریز میں کامیابی حاصل کرکے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان ایک روزہ کرکٹ کے فارمیٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور آسٹریلیا کی ورلڈ کلاس ٹیم کو پاکستان میں شکست دے سکتا تھا۔ اس بات کا اظہار کمیونٹی رہنما شیخ سر بلند نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے348رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کپتان بابر اعظم کی شاندار پرفارمنس اور ان کی بے مثال کپتانی کے سبب یہ سب کچھ ممکن ہورہا ہے جب کہ فخر زمان، امام الحق اور شاہین آفریدی سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑی بھی جیت میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔ شیخ سر بلند نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد بھارت اب مزید خوفزدہ ہوگیا ہوگا اور اگر پاکستان سے کھیلنے کا سوچ بھی رہا ہوگا تو موجودہ سیریز کے نتائج دیکھ کر شاید اپنی بے عزتی کرانے کے ڈر سے اب نہ کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی جیت کے سبب قوم کو جو خوشیاں نصیب ہورہی ہیں خدا کرے یہ سلسلہ جاری رہے اور اگلا کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان جیتے۔