کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”جرگہ“میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئینی و قانونی تقاضے ایک طرف پھینک کر میرا قانون میری مرضی کا نعرہ لگادیا،ن لیگ کے رہنما مرتضیٰ جاویدعباسی نے کہا کہ آخری گیند تک کھیلنے کا دعویٰ کرنے والا کپتان دم دبا کر بھاگ گیا ہے، اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ کوئی غیرملکی طاقت عمران خان کی حکومت ختم کرنا چاہتی تھی، وہ غیرملکی طاقت تو پی ٹی آئی حکومت ختم نہیں کرسکی لیکن عمران خان نے خود وہ کام کردیا،نمائندہ خصوصی جیو نیوز عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ قومی اسمبلی کا ہر رکن اپنی عوام کا نمائندہ ہوتا ہے، ڈپٹی اسپیکر نے 197ایم این ایز کو غدار قرار دے کر 75فیصد عوام کو غدار کہہ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے سیاسی جماعتوں کے سربراہان سمیت 197ایم این ایز کو غدار قرار دیدیا ہے، وزیراعظم کو بھیجے گئے سفیر کے خط پر کوئی تحقیقات نہیں ہوئی جس کی بنیاد پر ارکان اسمبلی کو غدار قرار دیا جاسکے، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں بھی اپوزیشن کو کسی سازش کا حصہ نہیں بتایا گیا۔