• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کا سیاسی مستقبل سپریم کورٹ فیصلے کا منتظر ہے ‘ فائق شاہ

پشاور( وقائع نگار) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں، ہم اعلیٰ عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ جلد تمام ایشوز پر جاندار فیصلہ دیا جائے تاکہ تعطل اور اختلافات ختم ہو سکیں اس وقت کوئی حکومت اور انتظامیہ فعال نہیں جس سے انارکی پیدا ہونے کا خطرہ ہے، ڈکٹیٹر شپ کی سوچ کو ختم کرکے سیاسی جماعتیں جمہوری لائحہ عمل پیش کریں اور اتفاق رائے سے نئے الیکشن کی طرف جائیں، صوبائی اسمبلیوں کے مستقبل کا فوری فیصلہ کیا جائے تاکہ بروقت نگران حکومتیں قائم ہو سکیں، الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرے جہاں آزادانہ انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اسوقت عوام سخت بے یقینی کا شکار ہیں جتنی دیر کی جائے گی مسائل بڑھیں گے سیاسی جماعتوں کی کسی بھی غلطی سے مارشل لاء لگ سکتا ہے، سیاسی رہنما تحمل کا مظاہرہ کریں، انہوں نے کہا کہ جمہوری اور اخلاقی اقدار کا مکمل ضابطہ سپریم کورٹ دے جس پر الیکشن کمیشن مکمل عمل کرے، جلد بازی کا مظاہرہ نہ کیا جاتا تو حکومت کا عوام بہتر احتساب کرتی اب سپریم کورٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ون مین شو ختم کرنے کیلئے منشور اور ضابطہ اخلاق و قانون کو اہمیت دی جائے، تاکہ حقیقی قیادت سامنے آ سکے، محمد فائق شاہ نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ قومی و صوبائی اسمبلی میں اگر غلط فیصلے ہوئے ہیں تو اس کے آرڈر دینے سے لے کر عمل درآمد کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے، انہوں نے درخواست کی کہ سپریم کورٹ جلد از جلد فیصلہ دے وگرنہ پیچیدگیاں مزید بڑھتی جائیں گی، ملکی معاشی حالت کمزور تر ہو چکی ہے خدا خواستہ ہم سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہو جائیں گے، محمد فائق شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ وہ اپنے سلیبرٹی ہونے کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں، کارکنوں کو گمراہ کرکے اداروں کے خلاف نہ کیا جائے، اس سے جمہوری اور آئینی اداروں پر اعتبار اٹھ جائے گا کوئی بھی سیاسی جماعت قانون و انصاف کے اداروں کے خلاف مہم نہ چلائے بلکہ ان کے فیصلوں پر عمل کرے تاکہ حالات انتشار کی طرف نہ جائیں۔
پشاور سے مزید