اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بارٹر تجارت کے حوالے سے ایران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ایران سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ جب کہ پاکستان میں ایران کے سفیر ایچ ای سید محمد علی حسینی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اقدام کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک جلد منظم طریقہ کار تیار کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق، وزارت کامرس نے رواں برس اپریل کے اغاز میں دو ایس آر اوز جاری کرکے بارٹر تجارت کے تحت ایران، افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ درآمدات اور برآمدات کی اجازت دی تھی۔ علاقائی تجارت میں اضافے اور غیرملکی مبادلہ اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بارٹر تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ایران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے جس پر یہ سفارت خانہ وزارت کامرس اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ کام کرے گا۔