آپ سے کچھ کہنا ہے
بچو! رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ماہ رمضان خوشیاں اور رحمتیں بکھیرتا شروع ہوچکا ہے۔ یقیناً آپ بھی روزے رکھ رہے ہوں گے۔ رمضان المبارک اللہ پاک سے اپنا رُوحانی تعلق مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اس مہینے مسلمان اللہ پاک کی رضا حاصل کرنے والے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ یہ مبارک مہینہ جب شروع ہوتاہے تو رحمت کے دروازے کھل جاتے ہیں، شیاطین کو جکڑ لیا جاتا ہے، رزق میں برکت ہوتی ہے۔ گھروں میں افطار کے وقت کچھ زیادہ ہی رونق دیکھنے میں آتی ہے۔
غرض ایک روحانی فضا چہار سو پھیلی ہوتی ہے۔ نماز کی پابندی، قرآن کی تلاوت، مساجد میں رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں،اس مبارک مہینے میں اللہ کی رحمتیں ٹھاٹھیں مارتی ہیں اور ندا ہوتی ہے کہ ان رحمتوں اور برکتوں کو حاصل کرو۔ یہ صبر و برداشت، عبادت اور ریاضت کا مہینہ ہے ،جس نے اس ماہ مبارک کا احترام کرلیا، سمجھو کہ اُس نے اللہ کی خوشنودی حاصل کر لی۔
روزہ رکھنے کے بعد اس کی حفاظت کرنا بھی بہت ضروری ہے ۔ اپنے ہاتھ کو، زبان کو، آنکھوں کو کنٹرول کرنا چاہیے۔ آپ کی وجہ سے کسی دل آزاری نہ ہو۔ آپ کو معلوم ہوگا کہ اس ماہ مبارک میں ایک نیکی کرنے سے ستر نیکیوں کا ثواب ملتا ہے۔
ساتھیو! کوشش کریں کہ دوسروں کے کام آئیں، ضرورت مندوں کی ضروریات پوری کریں۔ غربا اور مساکین کا روزہ افطار کروائیں۔ سحری کےلئے کھانے پینے کی اشیاء مہیا کریں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ جوآپ خود کھاتے ہیں، جو اپنے لئے پسند کرتے ہیں وہی چیزیں ان کو دیں۔ روزے کا اجراللہ تعالیٰ دیتا ہے۔ کوشش کریں کہ اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمائیں۔
پیارے بچو ! ہم سب رمضان میں روزے رکھتے ہیں اور اچھے اچھے کام کرتے ہیں۔ پھر اللہ پاک ہمیں عیدالفطر کا تحفہ دیتے ہیں جس میں سب خوشیاں مناتے ہیں۔ لیکن یاد رکھنا عبادت اور نیک کام صرف رمضان میں ہی نہیں کرنے بلکہ اس کے بعد بھی کرتے رہنا ہیں۔
مسرت راشدی
انچارج صفحہ بچوں کا جنگ