کراچی(جنگ نیوز) سپریم کورٹ کے 7؍ اپریل کے تاریخی فیصلے نے آئین کی برتری کا راستہ کھولا۔ تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ نے7 اپریل کو اپنے فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا تھا، 8صفحات پر مبنی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کا حکم نامہ 3اپریل کو جاری کیا گیا تھا اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی لہذا اسے ایک طرف رکھ دیا گیا ہے،فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اسمبلی ہر وقت موجود رہی اور اب بھی ہے، وزیر اعظم اور وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، مشیر وغیرہ 3اپریل سے اپنے اپنے دفاتر میں بحال ہیں،اسپیکر کو عدالت عظمیٰ نے پابند کیا تھا کہ وہ9اپریل کے دن صبح ساڑھے 10بجے تک اجلاس طلب کرکے 3تاریخ کے آڈر آف دا ڈے کے ایجنڈے کے مطابق چلائیں۔