اسلام آباد(نمائند ہ جنگ) پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے ہنگامے میں چین سے ایک اچھی خبر آ گئی ہے۔
چین کے معروف جریدے گلوبل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی اس تبدیلی سے پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات میں کوئی فرق نہیں آئے گا بلکہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے سے دونوں ممالک کے تعلقات عمران خان کے دور حکومت کی نسبت زیادہ بہتر ہوں گے کیونکہ شہباز شریف سالہا سال سے پاک چین تعلقات میں فروغ کے لیے کام کرتے آ رہے ہیں۔
گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ”پاکستان اور چین دونوں ممالک کے ماہرین پراعتماد ہیں کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے باوجود مستقبل میں دونوں کے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ نئی حکومت ان میں زیادہ بہتری لائے گی۔
اگرچہ امریکہ نے ہمیشہ پاک چین تعلقات میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، بالخصوص پاک چین اقتصادی راہ داری (سی پیک)کو ٹارگٹ کرنے کی مسلسل کوشش کرتا آ رہا ہے
لیکن ماہرین کے مطابق چین کو اس حوالے سے اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ عمران خان کے جانشین شہباز شریف کا تعلق شریف فیملی سے ہے اور یہ فیملی طویل عرصے سے پاک چین تعلقات میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔