• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،گرانفروشی پر 264 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین دنوں کے دوران گرانفروشی پر 264 دکانداروں کو گرفتار کر لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے پشاور کے مختلف علاقوں میں رمضان سستا بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش کی دستیابی، کوالٹی اور ان کی قیمتوں کابھی معائنہ کیا۔انتظامی افسران نے نوتھیہ بازار، حیات آباد، اندرون شہر بازاروں، کوہاٹ روڈ، رنگ روڈ، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ، یونیورسٹی روڈ،جی ٹی روڈ، پجگی روڈ،باڑہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیااور مختلف علاقوں میں قائم رمضان سستا بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کا معائنہ کیا اور میگا مالز میں قائم رمضان سہولت کاؤنٹرز میں اشیاء کا بھی جائزہ لیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر مختلف علاقوں سے264 گرانفروشوں کو کو گرفتار کر لیا۔ان گرفتارافراد میں سبزی و پھل فروش، شیر فروش، قصاب، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ کے مطابق رمضان سستا بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ انتظامی افسران کی نگرانی میں متعلقہ افسران رمضان سستا بازاروں میں موجود ہوتے ہیں تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے پشاور کے مختلف علاقوں میں 18 میگا مالز / بڑے سٹوروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے رمضان سہولت کاؤنٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کاؤنٹرز کو قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ تمام طبقات کے لوگ رمضان کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران پشاور کے دیگر بازاروں سمیت رمضان سہولت کاؤنٹر کا بھی مسلسل معائنہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو رمضان میں ریلیف دیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیاہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پشاور سے مزید