• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی میں کمی کیلئے نیشنل اکنامک کونسل بنانے کا فیصلہ، ہفتہ وار 2 کے بجائے ایک تعطیل، افسران کمر کس لیں، ایک لمحہ ضائع نہیں کرنا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(اے پی پی)نومنتخب وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں منگل کو گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم کا پی ایم ہاؤس کے عملے سے تعارف کرایا گیا۔شہباز شریف نے منگل کو وزیراعظم آفس پہنچ کر ذمہ داریوں کی باضابط انجام دہی شروع کر دی۔

شہباز شریف مقررہ دفتری اوقات شروع ہونے سے قبل ہی صبح 8 بجے دفتر پہنچ گئے ۔منگل کو جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ہفتے میں دو کی بجائے ایک دن تعطیل کی ہدایت کی ہے جبکہ سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے دفاتر 10 بجے کی بجائےصبح 8بجے کھولنے کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں میں معیاری اور ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 وزیراعظم نے خبردار کیا کہ عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پنشنرز کی پنشن میں اضافے، کم از کم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلانات پر فی الفور عملدرآمد کا حکم بھی جاری کیا۔

شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ کمر ہمت کس لیں، ہم عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں، ایک لمحہ مزید ضائع کئے بغیر عوام کی خدمت کریں گے۔

علاوہ ازیں شہباز شریف نے ملک کو درپیش سنگین معاشی صورتحال اور اقتصادی چیلنجز سے نکلنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ یہ تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراء کی روشنی میں مرتب کی جائیں ۔

 اس سلسلہ میں آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

 بیان کے مطابق حکومت نے نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے یہ کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ وزارت عظمی کا منصب باضابطہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں معاشی ماہرین کو سفارشات کی تیاری کاحکم دے دیا گیا ہے ۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کیا جائے۔

وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں اس کے علاوہ انہوں نے رمضان المبارک میں رمضان بازار کی مانیٹرنگ اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔        

اہم خبریں سے مزید