• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کا جاسوسی کے الزام میں 6 روسی سفارتکاروں کو بے دخل کرنے کا اعلان

پیرس (صباح نیوز)فرانس نے چھ روسی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان پر سفارت کاری کی آڑ میں جاسوس کے طور پر کام کرنے کا شبہ ظاہرکیا گیا ہے۔فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ سفارتی آڑ میں کام کرنے والے چھ روسی ایجنٹوں کی سرگرمیاں قومی مفادات کے منافی پائی گئی ہیں جس پر انہیں ناپسندیدہ شخصیات قرار دے دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی انٹیلی جنس سروس ڈی جی ایس ای نے طویل تحقیقات کے بعد 10 اپریل کو انکشاف کیا تھا کہ فرانس میں روسی انٹیلی جنس سروسز کی جانب سے خفیہ کارروائی کی گئی ہے تاہم بیان میں روسی آپریشن کی نوعیت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمینن نے کہا کہ ڈی جی ایس ای نے روسی خفیہ ایجنٹوں کے نیٹ ورک کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے فرانس کے خفیہ ادارے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی ایس آئی نے روسی خفیہ اہلکاروں کی سرگرمی کے خلاف قابلِ ذکرآپریشن کیا ہے۔یہ اقدام 4 اپریل کو فرانس کے اس بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد مشترکہ یورپی کارروائی کے طور پر 35 روسی سفارت کاروں کو بے دخل کررہا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ نکالے گئے چھ روسی اہلکار پہلے سے اعلان کردہ 35 سفارت کاروں اور دیگر عملے کے علاوہ ہیں۔

یورپ سے سے مزید