کراچی(رپورٹ/رفیق بشیر )نئی حکومت کی تشکیل اور میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعدبین الاقوامی مارکیٹ،کرنسی اور اسٹاک مارکیٹ میں بہتری نظر آرہی ہے تاہم مقامی مارکیٹ میں حکومت کی تبدیلی کے کوئی اثرات سامنے نہیں آئے ،آٹا،چینی،گھی کوکنگ آئل سبزیوں و فروٹ کی قیمتوں میں بڑھنے کا رجحان جاری ہے ،یکم رمضان المبارک کو قیمتیں آسمان کو چھو رہی تھیں لیکن دس رمضان گزرنے کے باوجود اس میں کوئی کمی نہیں آئی، بازاروں میں فروٹ بھی اب بی کوالٹی کے دستیاب ہیں اس کے باوجود تربوز، خربوزہ، کیلا، اسٹرابری،امرود کی قیمتں سو روپے فی کلو سے ڈیڑھ سے روپے فی کلو ہیں جبکہ رمضان سے پہلے تربوز اور خربوزہ کی قیمت 60 روپے فی کلو تھی،منگل کو جنگ کے سروے کے مطابق مارکیٹ میں بی کوالٹی کا فروٹ اور سبزی سو روپے کلو سے کم نہیں جبکہ کیلا کی فی درجن قیمت دو سو روپے تک پہنچ گئی ہے،عوام کو امید تھی کہ نئی حکومت کے آتے ہی آلہ دین کے چراغ کی طرح اشیاء خوردونوش اور سبزی و فروٹ کی قیمتوں واضح کمی آجائے گی تاہم سروے کے دوران صارفین کا کہنا ہے کہ اگر نئی حکومت پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کی کمی کردے تو اشیاء خوردونوش سبزی فروٹ کی قیمتوں میں واضح کمی آجائے گی،جنگ نے گھی چینی اور آٹے کے ڈیلرز سے قیمتوں میں کمی پر بات کی تو ڈیلرز کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی یا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں فوری تو کوئی کمی نہیں آئے گی۔